پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 17واں عالمی کتب میلہ 2022 کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 8 دسمبر سے سجایا جائے گا۔
عالمی کتب میلہ 12 دسمبر 2022 تک جاری رہے گا جس میں 330 سے زائد کتب کے اسٹال لگائے جائیں گے۔ عالمی کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں جبکہ پاکستان بھر سے 136 نامور پبلشرز بھی اپنے اسٹال لگائیں گے۔
پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد، کتب میلے کے کنوینر وقار متین خان اور نائب کنوینر ناصر حسین نے پریس کانفرنس میں کتب میلے کے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
کتب میلے کا افتتاح وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کریں گے اور مہتاب اکبر راشدی کتب میلے کی افتتاحی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گی۔جبکہ صوبائی وزیر برائے یونیورسٹی اور بورڈ جناب اسماعیل راہو ہوں گے۔
کراچی میں سال 2005 سے بین الاقوامی کتب میلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جس میں نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، ترکیہ، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے بھی حصہ لیتے ہیں، یہ میلہ تمام پبلشرز، ڈسٹربیوٹرز، لائبریرینز اور صارفین کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔