کراچی کے علاقے محمود آباد میں 10 سالہ بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا۔ پولیس نے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اختر کالونی سیکٹر بی میں پیش آیا جہاں کرایہ دار نے مالک مکان کی دس سالہ بیٹی دعا فاطمہ کو مبینہ طور پر زیادتی نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق بچی کو بہیمانہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، جسم کے دیگر حصوں کے علاوہ بچی کی گردن پر بھی تشددکے نشانات پائےگئے۔
ڈاکٹرز کے مطابق پوسٹ مارٹم اور وجہ موت کی تفصیلی رپورٹ کے لیے مختلف نمونے حاصل کیےگئے ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم ذیشان کو گرفتار کرلیا پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ بچی کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم سن بچی قاتل کو کھانا دینے گئی تھی۔ بے رحم درندہ نما ملزم نے بچی کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔ ملزم ذیشان کم سن بچی کے رشتے دار کا ملازم ہے۔ پولیس نے شک کے بنیاد پر دوسرے مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لیا ہے۔ گرفتار ملوث ملزم اور مشتبہ شخس سے مزید تفتیش جاری ہے۔