محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں اگلے تین روز تک شدید گرمی کی نئی لہر آنے کی پیشگوئی کردی۔ افغانستان اور مغربی بلوچستان میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث سمندری ہوائیں معطل ہونے کےباعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روز تک درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ سمندری ہوائیں معطل ہونے کےباعث محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔
کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ شام میں ہوا میں نمی کا تناسب 30 سے 40فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ رات سے صبح کے اوقات تک نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دو سمتوں سے ہوا چلنے کا امکان ہے، رات سے صبح شمال مغربی اور شام میں مغرب کی سمت سے ہوا چلنے کا امکان ہے۔
رمضان المبارک کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے عوام سے غیرضروری گھروں سے نہ نکلنے اور احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے۔