کراچی میں ناظم آباد سے مبینہ اغوا ہونے والے نجی ٹی وی کے سینیئر اسائنمنٹ ایڈیٹر نفیس نعیم 12 گھنٹے بعد بخیر و عافیت اپنے گھر پہنچ گئے۔
اہل خانہ نے نفیس نعیم کی گھر واپسی کی تصدیق کر دی ہے، ان کو گزشتہ روز گھر کے قریب سے نا معلوم افراد اٹھا کر لے گئے تھے۔ نفیس نعیم کے اغوا کا مقدمہ اُن کے بھائی نے گلبہار تھانے میں درج کرایا تھا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں سادہ لباس افراد کو زبردستی نفیس نعیم کو گاڑی میں بٹھاتے دیکھا جاسکتا تھا۔
نفیس نعیم گذشتہ 10 سال سے آج نیوز سے وابستہ ہیں، صحافتی تنظیموں نے نفیس نعیم کے اغوا کی شدید مذمت کی اور حکومت سے نفیس نعیم کی رہائی کے لیے مطالبات بھی کیے تھے۔
صحافی کے مبینہ اغوا کا معاملہ سامنے آنے پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی نوٹس لے لیا تھا، انھوں نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے نفیس نعیم کی جلد بازیابی کی ہدایت کی تھی۔
وزیر داخلہ نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا نفیس نعیم کی بازیابی کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے، وفاقی حکومت اس سلسلے میں سندھ پولیس کو ہر قسم کی تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔