پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک بار پھر بھارتی طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔ طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث مسافر طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔
پاکستان سول ایوی ایشن (سی اے اے) ذرائع کے مطابق بھارت کی نجی ایئر لائن کا طیارہ بھارتی شہر حیدر آباد سے شارجہ کے لیے روانہ ہوا تھا کہ فنی خرابی کے باعث اسے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ایئر انڈیگو کے جہاز اے ٹی سی سے اجازت کے بعد جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھارتی نجی ائیرلائن کے طیارے کے کپتان نے رات 2 بج کر 20 منٹ پر طیارے کو بحفاظت لینڈ کرایا، فنی خرابی کا شکار ہونے والے بھارتی طیارہ ائیربس 320 ہے جس میں 180 مسافر سوار ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی مسافروں کو کراچی ائیر پورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کرکے مسافروں کو ناشتہ بھی فراہم کردیا گیا ہے۔ سہ پہر 3 بجےتک متبادل طیارے سےمسافروں کو حیدرآباد دکن بھیجا جائے گا۔
واضح رہے 5 جولائی کو بھی بھارت کی ایک نجی ایئرلائن کے طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔ دہلی سے دبئی جانے والے بھارتی طیارے بوئنگ 737 کو فنی خرابی کے باعث کراچی ائرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا تھا۔
رواں ماہ مجموعی طور پر کراچی ایئرپورٹ پر 4 بھارتی طیارے لینڈ کرچکے ہیں۔ جس میں دو طیاروں نے ہنگامی لینڈنگ کی جبکہ 2 طیارے ری فیولنگ کیلئے کراچی ایئرپورٹ پر اترے۔