پاکستان میں کورونا کی صورتحال سنگین ہونے لگی ہے۔ ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی پی ایس ایل سیون کی افتتاحی تقریب منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلہ کورونا کی صورتحال کے ساتھ لاجسٹک مسائل کے مدنظر بھی کیا گیا ہے۔
پاکستان سپرلیگ کا آغاز 27 جنوری کو ہوگا ذرائع کے مطابق لیگ کے آغاز پر اس مرتبہ ثقافتی ٹیبلوز وغیرہ پیش نہیں کئے جائیں گے اور نہ ہی دیگر کوئی ایسی سرگرمی ہوگی جس میں بائیو سیکیور ببل سے باہر کا کوئی شخص شرکت کرے۔ پاکستان سپرلیگ سیون کا آفیشل ترانہ 20 یا 21 جنوری تک جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ لیگ کی افتتاحی تقریب میں ضرور چلایا جائے گا۔
پی ایس ایل سیون کے آغاز میں ایک مختصر سی تقریب میں چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ خطاب کریں گے اور لیگ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کریں گے۔ لیگ کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
کورونا کے پیش نظر گزشتہ سال بھی پی ایس ایل کے آغاز پر افتتاحی تقریب منعقد نہیں ہوئی تھی۔ تقریب کی شوٹنگ پہلے سے ترکی میں کی گئی تھی جسے اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دیکھا تھا۔ 2020میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ ابتدائی 4 سیزن کی افتتاحی تقریب دبئی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی تھیں۔