Search
Close this search box.

پیپلزپارٹی کا آج کراچی میں جلسہ، شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک پلان جاری

پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں آج کراچی میں نشتر پارک اور اطراف کے علاقوں کو پیپلز پارٹی کے پرچموں اور بینرز سے سجا دیا گیا۔

یوم تاسیس کے موقعے پر پاکستان پیپلز پارٹی آج کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ نشتر پارک میں یوم تاسیس کی مناسبت سے ہونے والے جلسے سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

تیس نومبر 1967 کو لاہور میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی، ذوالفقار علی بھٹو اس جماعت کے پہلے چیئرمین منتخب ہوئے، روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر پیپلز پارٹی نے ہر گھر میں جگہ بنائی۔

پیپلز پارٹی کے کراچی کے نشتر پارک میں آج ہونے والے جلسے سے متعلق ٹریفک پولیس نے خصوصی پلان بھی مرتب کر لیا۔ شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک پلان جاری بھی کردیا گیا ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد اور تین ہٹی سے آنے والی بسوں، منی بسوں اور دیگر ٹریفک کو لسبیلہ سے نمائش جانے کی اجازت نہیں ہو گی، تمام ٹریفک کو گرومندر سے پی پی چورنگی براستہ بنوری لائٹ سگنل یا سولجر بازار کی جانب بھیجا جائے گا۔

جمشید روڈ اور تین ہٹی سے نمائش اور کیپری کی طرف بھی عام لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی، شہری گرومندر سے بہادر یار جنگ روڈ (سولجر بازار) اور جمشید روڈ سے جیل چورنگی کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ پی پی چورنگی سے عام ٹریفک کو نمائش کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہو گی، تمام ٹریفک کو خداداد کالونی فلائی اوور ریمپ سے جانب سوسائٹی لائٹ سگنل سے شارعِ قائدین یا اس سے متصل راستے کی جانب بھیجا جائے گا۔

سوسائٹی لائٹ سگنل سے نمائش کی جانب عام ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی، تمام ٹریفک کو خداداد کالونی فلائی اوور یا عائشہ عزیز چورنگی کی جانب بھیجا جائے گا۔

لسبیلہ اور البیلہ سگنل سے آنے والے ٹریفک کو سولجر بازار نمبر 3 بریٹو روڈ کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ایم اے جناح روڈ کیپر ی سگنل سے نمائش کی جانب جانے والے ٹریفک کو کیپری سگنل سے بائیں جانب بہادر یار جنگ روڈ (سولجر بازار) اور دائیں جانب صدر دواخانے کی سڑک پر بھیج دیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی سے آنے والے شرکاء براستہ لیاقت آباد، ڈاکخانہ اور گرومندر سے نمائش آ کر اپنی گاڑیاں پارک کر کے جلسے کے مقام پر جا سکتے ہیں۔

ضلع جنوبی اور غربی سے آنے والے شرکاء براستہ ایم اے جناح روڈ، کیپری سے نمائش کے قریب پارکنگ گراؤنڈ میں اپنی گاڑیاں پارک کر کے جلسے کے مقام پر جا سکتے ہیں۔

ضلع ملیر اور شرقی سے آنے والے شرکاء براستہ شارعِ فیصل، شارعِ قائدین، سوسائٹی سگنل سے نمائش چورنگی کے قریب پارکنگ کے مقام پر اپنی گاڑیاں پارک کر کے جلسے میں شرکت کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں