Search
Close this search box.

پاکستانیوں نے گوگل پر 2022 میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو سرچ کیا

دنیا کے سب سے مقبول سرچ انجن گول نے 2022 میں سب سے زیادہ سرچ کئے جانے والے الفاظ کا اعلان کردیا۔ پاکستانی 2022 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بخار میں مبتلا رہے۔

گوگل کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 2022 سال میں پاکستانی عوام نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کو سب سے زیادہ سرچ کیا۔ پاکستانی سال کے آغاز سے تقریباً ہر ماہ ہی اس لفظ کو گوگل پر سرچ کرتے رہے لیکن اکتوبر کے ماہ اس لفظ کی تلاش عروج پر پہنچ گئی۔

پاکستان میں قبائلی علاقوں اور اسکے بعد پھر خیبرپختونخوا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی سب سے زیادہ گوگل پر تلاش کی گئی۔ واضح رہے 2022 میں آسٹریلیا کے میدانوں پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد کیا گیا جسکے فائنل تک پاکستانی ٹیم پہنچنے میں کامیاب رہی تھی۔

گوگل پر سرچ کی جانے والی چیزوں میں پاکستانیوں کی دوسری پسند ایشیا کپ 2022 تھی۔ ایشیا کپ کو بھی سب سے زیادہ قبائلی علاقوں اور خیبرپختونخوا میں سرچ کیا گیا۔ ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کھیلا گیا اس ایونٹ میں بھی پاکستانی ٹیم فائنل تک پہنچی۔

سال 2022 میں گوگل پر سرچ کی جانے والی سب سے زیادہ چیزوں میں تیسرے نمبر پر جو لفظ رہا اسکا تعلق بھی کھیل سے ہے۔ پاکستان میں عوام نے 2022 میں سب سے زیادہ پی ایس ایل لفظ کو سرچ کیا۔ 

پاکستان سپرلیگ کے 2022 کے ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ حیران کن طور پر پی ایس ایل کا لفظ بھی سب سے زیادہ قبائلی علاقوں میں گوگل پر سرچ کیا گیا۔

گوگل پر 2022 میں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کئے جانے والوں میں چوتھے نمبر پر آسٹریلیا کے شہر میلبورن کا موسم ہے۔ میلبرن ویدر کو گوگل پر پاکستانیوں نے چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا۔

میلبرن کے موسم کی گوگل پر تلاش کی وجہ یہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوا تھا اور اس میچ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اسی وجہ سے پاکستانیوں نے میلبرن ویدر کو گوگل پر سرچ کیا۔

گوگل پر 2022 میں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کئے جانے والی چیزوں میں پانچویں نمبر پر کلائمٹ چینج ( موسمیاتی تبدیلی)، چھٹے نمبر پر احساس پروگرام، ساتویں نمبر پر ارشد شریف، آٹھویں نمبر پر عامرلیاقت، نویں نمبر پر کوئن الزبتھ شامل ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ بھی گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کئے جانے والوں میں دسویں نمبر پر شامل ہیں۔ 

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں