وکیل کی گرفتاری کے خلاف کالا بورڈ کے قریب وکلاء کا احتجاج، سڑک ٹریفک کیلئے بند

کراچی میں ملیر کورٹ کے وکیل کو پولیس کی جانب سے حراست میں لینے کے بعد وکلا ایس ایچ او کیخلاف سڑکوں پر آگئے۔ کالا بورڈ کے قریب وکلاء کے احتجاج کے باعث سڑک ٹریفک کیلئے بند ہوگئی۔

ملیر بار کے وکلا نے ایس ایچ او تھانہ ماڈل کالونی کے خلاف احتجاج کیا اور سڑک ٹریفک کے لئے بند کردی ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ پولیس نے ملیر بار کے سابق نائب صدر کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے، ایس ایچ او ماڈل کالونی پر مقدمہ درج کیا جائے۔

احتجاج کرنے والے وکیلوں نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ وکلاء کو بازیاب کروایا جائے۔ مظاہرین نے نیشنل ہائی وے پر کرسیاں لگادیں، احتجاج کے باعث نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرے کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق قائد آباد سے ڈرگ روڈ آنے والا ٹریک ٹریفک کے لیے کھلا ہے، ڈرگ روڈ سے آنے والے ٹریفک کو کالا بورڈ سروس روڈ سے موڑا جارہا ہے، ٹریفک پولیس کا عملہ اطراف کی سڑکوں پر موجود ہے۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل کالونی تھانے میں ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے، مقدمے میں شک کی بنیاد پر ایک شخص زیرِ حراست ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز رات گئے ایک وکیل تھانے میں داخل ہوا، جس نے شور شرابہ کیا، یہ وکیل زیرِ حراست شخص کو ساتھ لے جانے آیا تھا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ زیرِ حراست شخص کو نہ چھوڑنے پر وکیل حامیوں کو بلا لایا ہے، وکیل سمیت دیگر افراد نے تھانے پر بھی رات گئے احتجاج کیا ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts