پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پورے صوبے میں کام بند کرکے لوگوں کو کیوں سزا دی جارہی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کچھ اسکیموں کی اجازت دے رہا ہے، الیکشن کمیشن پک اینڈ چوز نہ کرے، ترقیاتی اسکیموں پر پابندی ہونی ہی نہیں چاہئے تھی، سوال اٹھتا ہے کیا کیئرٹیکر ہونے چاہئیں؟ ہمارے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے، نگران حکومت اپنا کام کرے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی سے شکایت نہیں ہے، ہمارا حکومت چلانے کا تجربہ ہے، 2022ء میں جب سیلاب آیا تھا اس کی تباہ کاریاں ختم نہیں ہوئیں، 70 فیصد صوبہ پانی میں ڈوب گیا تھا، کاشتکاری کو نقصان پہنچا، 21 لاکھ گھر تباہ ہوئے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ری ہیبلی ٹیشن کو ہائی لائٹ کیا۔
سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا چیئرمین پی پی کی کوششوں کی وجہ سے جنیوا کانفرنس ہوئی، واحد صوبہ سندھ تھا جس نے کانفرنس کے لئے تیاری کی تھی، آصف زرداری اور بلاول بھٹو مسلسل رابطے میں تھے، مجھ سے جب بھی ناراضگی ہوئی انہیں باتوں پر ہوئی کہ لوگوں تک جلدی جاؤں، دو ارب ڈالر سے زائد پیسے سندھ نے ورلڈ بینک، ایشین بینک اور دیگر ذریعوں سے جمع کئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے قرض لیے تھے وہ ہمیں واپس کرنے ہیں، اتنی تیزی سے کوئی لون نہیں لے سکا جتنا پاکستان نے لیا تھا۔ ہم نے اے ڈی پی میں 1027 اسکیمیں رکھی تھی۔ 76 ارب کی ایلوکیشن تھی ہم نے اسمبلی سے بجٹ منظور کرایا۔
مرادعلی شاہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 266 عالمی بینکوں سے حاصل کئے گئے تھے۔ پیسوں کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہماری اپنی اسکیم پہلے وفاق نے منظور نہیں کی تھی۔
ہم چاہتے تھے ہم سارا کام کرکے جائیں لیکن کچھ باقی باقی ہے کچھ نگران کا کام ہے تختیاں لگائیں۔ مراد علی شاہ نے نگراں حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تختیاں لگانی ہے تو لگالیں لیکن جو کام چھوڑ کر گئے ہیں وہ تو کرلیں۔
نگران حکومت گزشتہ حکومت کا کوئی کام ریورس نہیں کرسکتی ہے، اسکول کے حوالے سے ابھی تک انہوں نے کوئی کام نہیں کیا ہے۔ سڑکوں کے حوالے سے جو کام ہم چھوڑ کر جائیں گے۔
سابق وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آگے پھر پیپلز پارٹی کی حکومت آنی ہے، آپ ہمارے لیے مشکلیں کیوں پیدا کرکے جارہے ہیں۔ 947 اسکیمیں منظور ہوئی تھیں لیکن زراعت ، ایجوکیشن میں ایک روپے ریلیز نہیں ہوا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ لوگ بے وقوف نہیں ہیں۔ لوگوں معلوم ہے آپ نے یہ کام منظور کروائے ہوئے ہیں، ہماری التجا ہے ڈیولپمنٹ کے کام تیز کرائیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، وفاق میں بھی پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔ پیپلزپارٹی کے علاوہ کوئی بھی جماعت الیکشن کیلئے تیار نہیں ہے۔