لاہور میں پریس کانفرنس میں کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے حالات کافی ابتر ہوتے جارہے ہیں اور سیاست کو ریاست پر اہمیت دی جارہی ہے، یہ انتہائی غیرذمہ درانہ حرکت ہے اور میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ ایاز صادق، نواز شریف کی تھپکی کے بغیر یہ بیان دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 6 آرمی چیف لگائے اور ان کی 6 آرمی چیف سے لڑائی ہوئی اور ان کا ایجنڈا اس خوفناک حد تک آگے بڑھتا جارہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو کہنا پڑا کہ فوج میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اتنے شدید حالات کے باوجود بھی فوج جمہوریت کی ضمانت ہے، فوج کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت یہ سب کہا جارہا ہے جو غیرملکی ایجنڈا ہے اس پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔