سندھ ہائی کورٹ نے شہر بھر سے تمام سیاسی بینرز ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بل بورڈز یا ہورڈنگز پر مقدمہ درج کیا جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے نے کراچی بھر سے تمام سیاسی جاعتوں کے بینرز ہٹانے کا حکم دیا اور اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر بل بورڈز یا ہورڈنگز کسی امیدوار کی جانب سے ہوں تو اس پر ایف آئی آر درج کی جائے۔
سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے حکم دیا کہ اگر متعلقہ افسر لیت و لعل سے کام لے تو کارروائی کی جائے اور اگر سیاسی بینرز کے معاملے پر پولیس حکام بھی سیاستدانوں سے ملے ہوئے ہوں تو ان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں۔ ٹاؤن یا انتظامیہ بینرز ہٹانے میں تاخیر کریں تو ان پر بھی مقدمہ کیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ای سی، انتظامیہ تصاویر آویزاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ آپ کراچی آنے والوں کو کیا بتانا چاہتے ہیں؟ یہ مہذب لوگوں کا شہر ہے یا جنگل؟ اس شہر کو جنگل مت بنائیں۔
جسٹس ندیم اختر نے کے ایم سی اور کنٹونمنٹس کے وکلاء سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آپ اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ہم کارروائی کر رہے ہیں، لیکن کچھ مشکلات پیش آرہی ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کارروائی کریں۔