سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد میں لیاری ایکسپریس وے پر نان اسٹاپ پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹر وے پولیس کی جانب سے لیاری ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں لیاری ایکسپریس وے پر ابتدائی طور پر ٹیسٹ بس چلانے اور سروس شروع کرنے کے حوالے سے سروے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے پر پیپلز بس سروس چلنے سے باقی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔ سندھ حکومت عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ 11 جون تک ٹیسٹ بس سروس اور سروے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ کرن شیخ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے رکن منیر میمن شریک تھے۔
ڈی آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس جاوید علی مہر، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز، این آر ٹی سی حکام شعیب احمد، عبدالشکور آرائین اور دیگر بھی اجلاس میں شریک تھے۔