کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کاروائی کرتے ہوئے 2022 کی سب سے بڑی واردات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے اسلحہ اور لوٹا گیا سونا بھی برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس آئی یو نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کیا جنکے پاس سے لوٹے گئے 3 سونے کے بسکٹ برآمد ہوئے جنکا وزن 30 تولہ تھا۔ ملزمان کے پاس تین پستول بھی برآمد ہوئیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت سید رضوان علی ، محمددانیال اور محمدذیشان کے نام سے ہوئی۔ ایس آئی یو کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
رواں سال 3 جنوری کوتھانہ فیروز آباد کی حدود میں ایم ایف جیولرز کا ایک کلو سے زائد سونا جس کی مالیت تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے تھی لوٹ لیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق رضوان نامی ایک جیولرز نے اپنے شریک ملزمان کو انفارمیشن دی کہ ایم ایف جیولرز کی دکان کا سونا ان کے دو ملازمان لے کر جائیں گے۔
اس انفارمیشن پر آٹھ ملزمان نے موٹر سائیکلوں پر سونا لیکر جانے والے ملازمان کا پیچھا کیا اور شاہراہ فیصل سے سندھی مسلم سوسائٹی کی طرف جانے والے راستے میں دوسرے جمپ پر روک کر اسلحہ کے زور پر سارا سونا لوٹ لیا اور فرار ہوگئے۔