پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کے درمیان صلح ہوگئی۔ صلح نامہ جمع کرانے پر عدالت نے چاروں مقدمات خارج کردیے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں حلیم عادل کےخلاف سعید غنی کے ہتک عزت کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سعید غنی اور حلیم عادل شیخ کے درمیان معاملات طے پاگئے جس کے بعد حلیم عادل شیخ نے سعید غنی کے خلاف الزامات واپس لے لیے۔
سعید غنی نے بھی مقدمات واپس لینے کے لئے بیان حلفی جمع کروادیا۔ عدالت نے بیان حلفی جمع کروانے پر چاروں مقدمات خارج کردیئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و سابق صوبائی وزیر سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ میرا واضح موقف پہلے روز سے تھا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹے، بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ آج ایک بار پھر اللہ تعالٰی کی ذات نے مجھے سرخرو کیا اور خود الزام عائد کرنے والے نے ان الزامات کے غلط ہونے کا اقرار کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی جانب سے ان پر لینڈ گریبنگ، منشیات فروشی سمیت دیگر لگائے گئے الزامات کو واپس لینے کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔
اس قبل حلیم عادل شیخ نے تین سال قبل اپنی پریس کانفرنس میں سعید غنی پر الزامات لگائے تھے، جس کے بعد سعید غنی نے ان الزامات کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج ساؤتھ میں حلیم عادل شیخ کے خلاف سول اور کرمنل کیسز دائر کئے تھے۔ ہفتہ کو سیشن جج ساؤتھ نے دونوں فریقین کو صلح کی تجویز دی۔
سعید غنی نے کہا کہ اس سے قبل بھی معزز جج صاحب کی جانب سے اس طرح کی درخواست پر میرا واضح موقف تھا کہ حلیم عادل شیخ نے جو الزامات مجھ پر لگائے ہیں وہ واپس لیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ہفتہ کو حلیم عادل شیخ نے معزز جج کے سامنے الزامات واپس لینے کی رضامندی ظاہر کی اور الزامات واپس لئے۔
اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات کو واپس لینے کے بعد حلیم عادل شیخ کے خلاف دائر کیسز واپس لے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا واضح موقف پہلے روز سے تھا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹے، بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
آج ایک بار پھر اللہ تعالٰی کی ذات نے مجھے سرخ رو کیا اور خود الزام عائد کرنے والے نے ان الزامات کو غلط اقرار کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ الزامات واپس لینے کے بعد میرا یہ اخلاقی فرض بنتا تھا کہ میں حلیم عادل شیخ کے خلاف کیسز کو واپس لے لوں۔