کراچی میں گزشتہ روز لاپتہ ہونےوالے جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید گھر پہنچ گئے۔ علی عمران سید نے 22 گھنٹے بعد اہلیہ سے رابطہ کر کے انہیں اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔ ان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ علی عمران سید خیریت سے والدہ کے گھر پہنچ گئے ہیں۔
ان کی اہلیہ نے بتایا کہ علی عمران کا کہنا ہے کہ جسمانی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا لیکن ذہنی اضطراب کا شکار ہوں۔
علی عمران 23 اکتوبر کی شام سے لاپتہ تھے اور ان کے اہلخانہ کے مطابق وہ گھر کے نزدیک بیکری سے سامان لینے کیلئے نکلے تھے جب کہ ان کا موبائل فون بھی گھر پر ہی موجود تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی حکومت نے علی عمران کے لاپتہ ہونے کا نوٹس لیا تھا۔
پولیس کے مطابق علی عمران کے بھائی طالب رضوی کی مدعیت میں سچل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں اغواء سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔