Search
Close this search box.

بھارت کو ایک بار پھر شکست، آسٹریلیا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ جیت لی

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم ایک اور آئی سی سی کے ٹائیٹل پر قبضہ جمالیا۔ پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلیا نے فائنل میچ میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 209 رنز سے ہرادیا۔ مسلسل دوسرا فائنل کھیلنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم ایک مرتبہ پھر ہار گئی۔

لندن کے اوول کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں میں مقابلہ ہوا۔ بھارت نے میچ میں ٹاس جیتا اور پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 469 رنز اسکور بورڈ پر سجادئے۔ ٹریوس ہیڈ نے 163 اور اسٹیو اسمتھ نے 121 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایلکس کیری نے بھی ذمہ دارانہ 48 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر 43 رنزبناکر نمایاں بلے بازوں میں شامل رہے۔

بھارت کی جانب سے محمد سراج نے 4 آؤٹ کئے۔ محمد شامی اور شاردل ٹھاکر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ روندرا جڈیجا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

جواب میں بھارتی بیٹنگ لائن فلاپ ہوئی۔ اجنکیارہانے 89 ، روندرا جڈیجا 48 اور شاردل ٹھاکر 51 رنزبناکر نمایاں رہے۔ بھارتی ٹٰیم پہلی اننگز میں 296 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ 

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے 3، مچل اسٹارک ، اسکاٹ بولینڈ اور کیمرون گرین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نیتھن لائن نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کی اور دوسری اننگز 8 وکٹوں پر 270 رنز بناکر ڈکلیئر کی۔ ایلکس کیری نے 66، مچل اسٹارک اور مارنس لبوشین نے 41 ، 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کو جیت کیلئے 444 رنز کا ہدف ملا اور بھارتی ٹیم میچ کے پانچویں روز پہلے سیشن میں ہی 234 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ ویرات کوہلی 49 اور اجنکیارہانے نے 46 رنزبنائے۔ 

آسٹریلیا کے نیتھن لائن نے 4، اسکاٹ بولینڈ نے 3 اور مچل اسٹارک نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان پیٹ کمنز نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کی۔

پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلیا نے پہلی مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا ٹائیٹل اپنے نام کرلیا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا پہلا ٹائیٹل نیوزی لینڈ نے جیتا تھا۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں