پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے بازاروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آگئی ہے۔ افغانستان سے درآمد کئے گئے ٹماٹر کراچی کے بازاروں میں 160 روپے فی کلو تک فروخت کئے جارہے ہیں۔
پاکستان میں رواں سال مون سون کی شدید بارشوں اور اسکے بعد سیلاب نے زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر کیا اور آلو، پیاز اور ٹماٹر سمیت کئی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
فصلیں خراب ہونے کےباعث ملک میں ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو اور پیاز کی قیمت 300 روپے فی کلو تک جاپہنچی تھی لیکن افغانستان سے ٹماٹر درآمد ہونے کے بعد اسکی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔
سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے بازاروں میں افغانی ٹماٹروں نے انٹری دے دی ہے، اور ان ٹماٹر کی 150 سے 160روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ٹماٹر کی قیمتیں مزید کم ہو جائیں گی۔ ٹماٹر کی قیمت تو کم ہوگئی ہے لیکن دیگر سبزیوں کی قیمتیں اب بھی بہت زیادہ ہیں اور بیشتر سبزیاں دوسوروپے فی کلو سے زائد میں فروخت ہورہی ہیں۔