کراچی میں کل 13 ستمبر بروز جمعہ کو چپ تعزیے کے 2 جلوس نکالے جائیں گے جسکے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔ جلوس کے راستوں پر ٹریفک بند رہے گی۔ عوام متبادل راستے اختیار کرکے منزل تک پہنچ سکیں گے۔
پولیس کے جاری کردہ ٹریفک پلان کے مطابق مرکزی جلوس صبح ساڑھے چھ بجے نشترپارک سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نورباغ مسافرخانہ موسیٰ لائن پر اختتام پزیر ہوگا۔ چپ تعزیے کا دوسرا جلوس دوپہر 1 بجے رضویہ سوسائٹی گولیمار ناظم آبادچورنگی نمبر 1 سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شاہ نجف امام بارگاہ مارٹن روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔
مرکزی جلوس کا روٹ
چپ تعزیے کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جسکے بعد جلوس سرشاہ نواز بھٹوروڈ، فادرجیمنس روڈ، شاہ خراسان، ایم اے جناح روڈ، مینسفیلڈ اسٹریٹ، کیپری، صدردواخانہ، پریڈی اسٹریٹ، تبت چوک، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار، نواب محبت خانجی روڈ سے ہوتا ہوا حیسنیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھاردار پہنچے گا جہاں ایک مجلس منعقد ہوگی جسکے بعد یہ جلوس پریتم داس روڈ موسیٰ لائن نورباغ مسافرخانہ پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔
ہرقسم کی چھوٹی بڑی ٹریفک کو گرمندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس تمام ٹریفک کو بہادریار جنگ روڈ سولجر بازار کی طرف موڑ دیا جائےگا۔
ایم اے جناح روڈ پر ہرقسم کی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ جلوس میں شامل ہونے والی گاڑیوں کی ونڈ اسکرین پر جلوس میں شامل ہونے کا اسٹیکر چسپاں ہونا لازمی ہے۔ جلوس میں شامل ہونے کیلئے اسٹیکر والی گاڑیاں براستہ شاہراہ قائدین سوسائٹی لائٹ سگنل سے داخل ہوسکیں گی۔
متبادل راستے
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ناظم آباد سے آنے والے افراد کو لسبیلہ چوک سے نشترروڈ اور پھر گارڈن سے ہوتے ہوئے منزل کی جانب جاسکتے ہیں۔ لیاقت آباد سے آنے والے افراد تین ہٹی سے لسبیلہ چوک اور بائیں جانب ٹرن کرکے سینٹرل جیل (مارٹن روڈ) کی جانب جاسکتے ہیں۔ حسن اسکوائر سے پی پی چورنگی جانے والے افراد کشمیر روڈ سے سوسائٹی لائٹ سگنل (شاہراہ قائدین) اور جیل فلائی اوور سے تین ہٹی سے نشتر روڈ(لسبیلہ چوک) کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ میں شاہراہ فیصل سے شاہراہ قائدین (نورانی کباب) سے نمائش جانے والے افراد سوسائٹی لائٹ سگنل سے دائیں جانب کشمیر روڈ سے اپنی منزل کی جانب جاسکتے ہیں۔ سینٹرل جیل گیٹ (جمشیدروڈ) سے گرومندر ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے والے افراد گرومندر سے بہادر یارجنگ روڈ سولجر بازار سے اپنی منزل کی جانب جاسکتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں گارڈن چڑیا گھر سے ایم اے جناح روڈ جانے والے افراد انکل سریا سے دائیں جانب گل پلازہ اور بائیں جانب کوسٹ گارڈ ہولی فیملی اسپتال سے اپنی منزل کی جانب جاسکتے ہیں۔
متبادل راستے برائے ہیوی ٹریفک
سپرہائی وے ، گلبرگ سے ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے والی تمام تمام ہیوی ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 کی طرف موڑ دیا جائے گا۔جو براستہ حبیب بینک فلائی اوور، اسٹیٹ ایونیو روڈ، شیرشاہ سے ماڑی پور تک جاسکے گی اور اسی طرح واپسی کیلئے یہی راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
نیشنل ہائی وے کی جانب جانے والی ہیوی ٹریفک براستہ شاہراہ فیصل یا براستہ راشدمنہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، سرشاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر، لیاقت آباد 10 نمبر، ناظم آباد چورنگی نمبر 2، حبیب بینک فلائی اوور، اسٹیٹ ایونیو، شیرشاہ سے ماڑی پور تک آنے کی اجازت ہوگی اور اسی طرح واپسی کیلئے یہی راستہ اختیار کیا جائے گا۔
چپ تعزیے کے دوسرے جلوس کا روٹ
چپ تعزیے کا دوسرا جلوس رضویہ سوسائٹی گولیمار ناظم آباد چورنگی نمبر 1 قصرمصیب سے برآمد ہوگا جو الطاف حسین بریلوی روڈ، گولیمار چورنگی نمبر 1، نواب صدیق علی خان روڈ، لسبیلہ چوک، نشتر روڈ، تین ہٹی انٹرسیکشن، مارٹن روڈ، پی آئی بی کالونی کراسنگ، جیل روڈ جمشید روڈ، مارٹن روڈ سے شاہ نجف امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔ جلوس کے روٹ پر کسی کو بھی گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
متبادل راستے
ٹریفک پولیس کے جاری کردہ پلان کے مطابق جیسے ہی جلوس قصر مصیب سے برآمد ہوگا تو اس وقت نیوکراچی، نارتھ ناظم آباد، حیدری اور ناظم آباد نمبر 7 کی جانب سے آنے والی ٹریفک ناظم آباد فلائی اوور برج کے بائیں جانب سے ہوتی ہوئی چورنگی نمبر 2، لیاقت آباد نمبر 10 کی جانب بھیج دی جائے گی جہاں سے حسن اسکوائر کی جانب متبادل راستہ اختیار کیا جائے گا۔
سہراب گوٹھ، واٹرپمپ سے کریم آباد فلائی اوور برج دوپہر 1 بجے کے بعد ٹریفک کیلئے بند کردیا جائے گا۔ یہ ٹریفک فلائی اوور کے بائیں جانب سے کریم آباد چوک سے موسیٰ کالونی اورعثمان میموریل اسپتال کی طرف بھیجی جائے گی جو براستہ حسن اسکوائر سے ہوتی ہوئی اپنی منزل کی جانب جاسکے گی۔
اسی طرح دوپہر 1 بجےسےقبل لیاقت آباد نمبر 10 اور سپرمارکیٹ کی طرف سے آنے والی ٹریفک کو ڈاکخانہ فلائی اوور سے سندھی ہوٹل کی طرف موڑ دیا جائے گا جو براستہ یونیورسٹی روڈ سے اپنی منزل مقصود تک جاسکے گا۔ الطاف حسین بریلوی روڈ، بڑا بورڈ سے گجر نالہ کراسنگ تک ٹریفک کے لیے مکمل بند ہوگا۔
وہ تمام ٹریفک جو شہر کی جانب سے براستہ گرومندر، گلبرگ، لیاقت آباد، سہراب گوٹھ، نیوکراچی، نارتھ ناظم آباد اور حیدری کی جانب جائے گی اس ٹریفک کو دوپہر1 بجے کے بعد گرومندر چوک سے موڑ دیا جائے گا جو بنوری ٹاؤن سگنل، نیو ایم اے جناح روڈ، اسلامیہ کالج چورنگی،جیل چورنگی، یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر اور سر شاہ سلیمان روڈ کے راستے سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک جاسکے گی۔
وہ تمام ٹریفک جو گارڈن کی جانب سے لسبیلہ سے ہوتی ہوئی تین ہٹی کی جانب جائے گی اسے نشتر روڈ پر واقع جماعت خانہ سگنل سے بہادر یار جنگ روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ جو متبادل راستوں سے ہوتی ہوئی اپنی منزل مقصود تک جا سکے گی۔