امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے-
واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی ترجمان نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ گہرے دکھ اور متاثرہ افراد کیلئے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں-
پاکستان میں سڑکوں کی بندش اور انٹرنیٹ و موبائل سروسز متاثر ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آزادی اظہار اور پر امن اجتماع کی حمایت کرتے ہیں۔ مظاہرین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پرامن طریقے سے مظاہرہ کریں، تشدد سے باز رہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام سے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے احترام کا مطالبہ کرتے ہیں اور پاکستان کے قوانین، آئین کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔
واضع رہے کہ 6 اکتوبر کی شب کراچی ائیرپورٹ کے قریب غیر ملکیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں دو چینی شہریوں سمیت تین افراد ہلاک ہوئےجبکہ ایک خاتون، پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے صحافیوں کو ای میل کیے گئے ایک بیان میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک گاڑی میں دیسی ساختہ بم کے ذریعے کیے دھماکے میں چینی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے