وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں ٹریفک مینجمنٹ پروگرام کے سلسلے میں گوگل سے بھرپور تعاون کرے گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکا کے قونصل جنرل کونراڈ ٹریبل نے ملاقات کی۔ کراچی میں ہونے والی ملاقات میں ڈائریکٹر یو ایس ایڈ مشن، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور دیگر بھی شریک تھے۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یو ایس ایڈ سندھ میں شعبۂ تعلیم میں کچھ نئے منصوبے لائے۔ ڈائریکٹر یو ایس ایڈ مشن نے کہا کہ یو ایس ایڈ موسمیاتی تبدیلی کا منصوبہ تعلیم کے لیے لانا چاہتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں اسکولوں کی عمارتیں متاثر ہوئی ہیں، چاہتے ہیں کہ یو ایس ایڈ اسکولوں کی ان متاثرہ عمارتوں کی تعمیر میں تعاون کرے۔

ڈائریکٹر یو ایس ایڈ مشن نے یقین دہانی کرائی کہ یو ایس ایڈ اسکول کی عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے بھرپور تعاون کرے گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب سے سندھ میں 21 لاکھ گھر متاثر ہوئے ہیں، 5 ہزار گھروں کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری ہو چکے ہیں، 1 ہزار گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ ڈائریکٹر یو ایس ایڈ مشن نے کہا کہ مدر چائلڈ نیوٹریشن پر سندھ میں کام کرنا چاہتے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت نے محکمۂ سوشل پروٹیکشن قائم کیا ہے، غذائی قلت کے منصوبے پر کام محکمۂ سماجی بہبود نے شروع کر دیا ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے بتایا کہ گوگل کراچی میں ٹریفک مینجمنٹ پروگرام شروع کرنا چاہتا ہے۔ جس پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس حوالے سے سندھ حکومت گوگل سے بھرپور تعاون کرے گی۔

Written By عبدالجبار ناصر

عبدالجبار ناصر 1997 سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے روزنامہ دنیا، روزنامہ اسلام، روزنامہ اساس، این این آئی سمیت کئی اخبارات میں سیاسی، مذہبی، پارلیمانی رپورٹر سمیت تجزیہ نگار، مضمون نگار، چیف رپورٹر اور ڈپٹی چیف رپورٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ عبدالجبار ناصر نے الیکشن رپورٹنگ ٹرینر کے طور پر بھی کراچی پریس کلب اور آئی بی اے شعبہ سی ای جے میں خدمات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے صحافتی انجمنوں میں بھی اہم ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔