وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر ماہ رمضان میں کراچی شہر میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کمشنر کراچی کی جانب سے گراں فروشوں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن کی رپورٹ وزیراعلی سندھ کو پیش کردی گئی۔

کمشنر کراچی سلیم راجپوت نے گزشتہ 4 دنوں (6 مارچ سے 9 مارچ) تک گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ جمع کرائی جسکے مطابق منافع خوروں پر ان 4 دنوں میں مجموعی طور پر 36 لاکھ 45 ہزار 300 روپے کے جرمانے کئے گئے۔

کمشنر کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ضلع جنوبی میں 10 لاکھ 30 ہزار 500 روپے کے جرمانے کئے گئے۔ ضلع وسطی میں 8 لاکھ 69 ہزار، ضلع شرقی میں 7 لاکھ 65 ہزار اور ضلع غربی میں 3 لاکھ 12 ہزار 300 روپے کے جرمانے کئے گئے۔

ضلع کورنگی میں 2 لاکھ 95 ہزار، ضلع ملیر میں 2 لاکھ 50 ہزار 500 اور ضلع کیماڑی میں 1 لاکھ 23 ہزار روپے کے گراں فروشوں پر جرمانے عائد کئے گئے۔

کمشنر کراچی کے مطابق کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں قیمتوں کی جانچ کی گئی اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ 

وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی کا برآمد کنندگان سے اجلاس بھی ہوا جس میں کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ سب سے پہلے شہر میں پھل اور سبزیوں کی ضرورت کو پورا کیا جائے۔ برآمد کنندگان نے یقین دہانی کرائی کے سب سے پہلے مقامی لوگوں کی ضروریات کو ہی پورا کیا جائے گا۔

ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ بابرکت ماہ رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرائس مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے۔ ماہ رمضان میں قیمتوں کو کنٹرول، صفائی ستھرائی،  ٹریفک مینجمنٹ اور امن مان کی صورتحال کو پر امن رکھا جائے۔

Written By عبدالجبار ناصر

عبدالجبار ناصر 1997 سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے روزنامہ دنیا، روزنامہ اسلام، روزنامہ اساس، این این آئی سمیت کئی اخبارات میں سیاسی، مذہبی، پارلیمانی رپورٹر سمیت تجزیہ نگار، مضمون نگار، چیف رپورٹر اور ڈپٹی چیف رپورٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ عبدالجبار ناصر نے الیکشن رپورٹنگ ٹرینر کے طور پر بھی کراچی پریس کلب اور آئی بی اے شعبہ سی ای جے میں خدمات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے صحافتی انجمنوں میں بھی اہم ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔