پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز پر بھارتی گانے نشر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان کی جانب سے ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز پر بھارتی گانے نشر نہ کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اس فیصلے کو اصولی اور قومی جذبات سے ہم آہنگ اقدام قرار دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ کشیدگی کی موجودہ صورتِحال کے پیش نظر یہ محبِ وطن اقدام پوری قوم کے اجتماعی احساسات کی ترجمانی کرتا ہے، اس فیصلے کو قومی یکجہتی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللّٰہ تارڑ نےاس فیصلے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی بی اے کی یہ پہل خود مختارانہ ہے اور اس سے قومی وقار اور خود مختاری کو تقویت ملتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے یہ پیغام جاتا ہے کہ پوری قوم ان مشکل حالات میں قومی اتحاد، یکجہتی اور بنیادی اقدار کے فروغ کےلیے متحد ہے۔
مزید پڑھیں:پاک بھارت کشیدگی، بھارت نے پاکستانی فنکاروں پر ایک بار پھر پابندی عائد کر دی
واضح رہےکہ انڈیا کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو نامعلوم افراد کے سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں، پاکستانی نیوز چینلز اور پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت پاکستانی ڈراموں پر بھی پابندی لگا دی تھی۔
اس کے علاوہ فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر کوئی بھی بھارتی پروڈیوسر، ہدایت کار یا تکنیکی ماہر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرے گا تو اُس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تنظیم کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ بنائی گئی فلم’ابیر گلال‘ کو بھارت میں ریلیز نہ ہونے دیا جائے۔