7 سالہ صارم کی موت کو 50 دن گزر گئے، پولیس موت کی حتمی وجہ کا تعین بھی نہ کر سکی

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں 7 جنوری کو لاپتہ ہونے والے صارم کی موت کا تاحال حتمی تعین نہ ہو سکا،7 سالہ صارم کی موت حادثاتی تھی یا اسے قتل کیا گیا تھا۔ ڈی آئی جی ویسٹ کی تحقیقاتی ٹیم کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔ کراچی پولیس نے کیس کی شفاف تحقیقات کر کے اسے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے فرانزک ماہرین کا بورڈ بنانے کے لئے محکمہ داخلہ کو خط لکھ دیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہے کہ تفتیش، شواہد، حالات اور واقعات پوسٹ مارٹم رپورٹ سے مطابقت نہیں رکھتے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق صارم کو مبینہ اغوا کے 5 روز بعد قتل کیا گیا، کیس کو شفاف تحقیقات اور منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے فارنزک ماہرین کی مدد لی جائے گی۔

انھوں نے بتایا کہ آئی جی سندھ نے ہماری سفارش پر محکمہ داخلہ کو خط لکھا ہے اور فارنزک ماہرین پر مشتمل ایک بورڈ بنانے کی درخواست کی ہے ، انھوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آنے والے چند روز میں فارنزک ماہرین پر مشتمل بورڈ تشکیل دیدیا جائے گا تاکہ پولیس کی تفتیش اور میڈیکل رپورٹ کے درمیان آنے والے اختلافات کو نہ صرف دور کیا جاسکے بلکہ فارنزک ماہرین پولیس کے پاس موجود نمونوں کا جائزہ لے سکیں گے اور تفتیش کا کوئی نتیجہ نکل سکے۔

7 سالہ صارم 7 جنوری کو اپنی رہائشی عمارت بیت العنم اپارٹمنٹ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا جس کی لاش 18 دن کے بعد اسی کی رہائشی عمارت کے زیر زمین پانی کے ٹینک سے ملی تھی۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts