صوبے میں یوسی سطح پر زکواة کمیٹیاں ہیں،تمام چیئرمینوں کو ہدایت ہےکہ 100 فیصد بجٹ استعمال کریں،صوبائی وزیر زکواة واوقاف

سندھ کے وزیر زکواة واوقاف ریاض شاہ شیرازی نے کہا ہے کہ انہوں نے تمام اضلاع کے چیئرمینوں کو کہا ہے وہ سو فیصد بجٹ استعمال کریں ، سندھ میں یونین کونسل کی سطح پر زکواة کمیٹیاں موجود ہیں جو مستحقین کی مدد کرتی ہیں، ہمارے محکمے کا کل بجٹ 2 ارب 70 کروڑ روپے ہے، سال مالی سال 2019-20 سے 2021-22 تک 4 سال کے دوران 3710 یتیم بچیوں کو جہیز کی مد میں9 کروڑ 44 لاکھ 80 ہزارروپے ادا کئے ہیں، جبکہ اسی دوران 4728 یتیم لڑکیوں کی شادی کی مد میں 12 کروڑ 28 لاکھ 9 ہزار روپے خرچ کئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو سنھد اسمبلی میں محکمہ زکواة واوقاف سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتائی۔

اجلاس کے دوران کے اسپیکرسید اویس قادرشاہ نے ایوان میں وزراءکی عدم موجودگی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ ایوان میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔  ایوان کی جب کارروائی شروع ہوئی تو وزراءکی تعداد خاصی کم تھی جس پر اسپیکر نے کہا کہ وزراءاپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور ان کی اس بات کورولنگ نہ سمجھیں بلکہ یہ ہدایت ہے ۔وزیر پارلیمانی امورو قانون ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ آج کے بعد وزراءسے عرض کریں گے کہ وہ ایوان میں آئیں۔

ایوان میں وزیر اوقاف نے بتایا کہ زکواة کمیٹیاں دیہہ کی سطح پر بھی درخواستیں وصول کرتی ہیں اور محکمہ گذارہ الاونس میں بڑی رقم دیتا ہے ، اسی طرح مدارس کے بچوں اور خواتین کی بھی مدد کی جاتی ہے۔ پورے سندھ میں آبادی کی بنیاد پر رقم تقسیم ہوتی ہے ۔ اس سال بچوں کی اسکالرشپ کی رقم 200 ملین روپے کردی گئی ہے جبکہ نکاح کے مد میں 30 ہزار روپے دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے مختلف اضلاع میں محکمہ اوقاف کے تحت 22 مزارات ہیں۔ درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہاں مزار پر 30 سیکیورٹی گارڈز لگائے گئے ہیں جبکہ محکمے کی طرف سے اپنے لوگ بھی سیکیورٹی پرمامور ہیں۔ اسی طرح دیگرمزارات پر سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں۔عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے اندر سگریٹ پینے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

ایم پی اے ماروی راشدی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ سندھ میںگزارا الاﺅنس کے سلسلے میں ساڑھے چھ ہزار لوگ رجسٹرڈ ہیں۔ اگر کوئی این جی او اچھا کام کر رہی ہے تو وہ ہمیں درخواست دے ہم اس کی مدد کرنے کا جائزہ لیں گے ۔ ایم کیو ایم کے عامر صدیقی نے صوبائی وزیر سے کہا کہ ان کے حلقے میں تین مزارات ہیں ان کی دس سال سے کوئی مرمتی کام نہیں کروایا گیا۔ ایم کیو ایم کے رکن راشد خان کے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمے کے پاس ٹرانسجینڈرکے لئے بھی زکواة فنڈز موجود ہے ۔

اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی نے کہا کہ زکواة کمیٹیوں کو غیر سیاسی کیسے کیا جاسکتا ہے ؟ریاض شاہ شیرازی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹیز کا الیکشن ہوتا ہے جو جیتتا ہے وہ آتا ہے ۔محکمے زکواة کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے جنہوں نے زکواة کے پیسے کھائے ان کے خلاف ایکشن لیا ہے۔ ان افسران کا آخرت میں بھی حساب ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ صحت کے پائلٹ پروجیکٹ کے لیے پچاس ملین رکھے گئے ہیں۔ سٹی اسکین اور ایم آر آئی زکواةکے ذریعے ہونگے۔ محکمے میںشفافیت کے لیے مزید کام کر رہے ہیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts