کراچی میں سردی کی شدت میں معمولی کمی ہوئی ہے اورپارہ 12 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خشک موسم رہنے کا امکان ہے، شہر میں اس وقت موسم سرداورموجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے،شہرمیں شمال مشرق سمت سے ہلکی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی پاکستان کا دوسرااور دنیا کا تیسرا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار دوسوتینتس پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت لیہ میں منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسکردو میں پارہ منفی 10 رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنےکا امکان ہے۔ کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے آج بھی گہری دھند کی لپیٹ میں ہیں جب کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11کو دھند کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔