پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ عارضی بینڈوتھ کو سسٹم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے اعلامیے میں کہا ہے کہ سب میرین کیبل اے اے ای ون میں پیدا خرابی کے پیشِ نظر عارضی بینڈوڈتھ کا بندوست کر لیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس وقت ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے ڈی گریڈیشن نہیں ہے۔ اے اے ای ون سب میرین کیبل کی بحالی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، پی ٹی اے تمام سروسز کی فعالیت کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
دوسری جانب انٹرنیٹ مانیٹر ٹاپ ٹین وی پی این کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ سست ہونے سے 1.62 ارب ڈالرز کے مالی نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2024ء میں 18 مواقع پر انٹر نیٹ کو سلو کیا گیا، پاکستان میں تقریباً 10 ہزار گھنٹوں کے انٹرنیٹ خلل سے 8 کروڑ 83 لاکھ صارفین متاثر ہوئے۔ دنیا بھر میں انٹر نیٹ سست روی 88 ہزار گھنٹے سے 7.69 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، نقصانات کا تخمینہ کاسٹ آف شٹ ڈاؤن ٹول سے لگایا گیا ہے۔