محکمہ موسمیات نے سال کے چھوٹے ترین دن اور طویل ترین رات سے متعلق بتا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں آج سال کا سب سے چھوٹا دن جبکہ آج آنے والی رات سال کی سب سے طویل ترین ہوگی۔ کراچی میں آج سورج 7 بج کر 12 منٹ پر طلوع ہوا اور 5 بج کر 48 منٹ پر سورج غروب ہوجائے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں دن کا دورانیہ 10 گھنٹے 36 منٹ کا ہوگا۔ کل شہرقائد میں سورج صبح 7 بج کر 13 منٹ پر طلوع ہوگا اور اسطرح آج کی رات کا دورانیہ کراچی میں 13 گھنٹے 25 منٹ کا ہوگا۔ دوسری جانب اسلام آباد میں صبح 7 بج کر 9 منٹ پر سورج طلوع ہوکر شام 5 بج کر4 منٹ پر غروب ہوجاتا ہے، یعنی 9 گھنٹے 55 منٹ میں، اس کے بعد 14 گھنٹے 5 منٹ طویل رات ہوگی، لاہور میں یہ دورانیہ 10 گھنٹے 6 منٹ ہوگا۔
واضح رہے کہ سال کی سب سے چھوٹے دن اور طویل ترین رات کی ہر سال تاریخ مختلف ہوسکتی ہے۔ شمالی نصف کرے میں سال کا سب سے چھوٹا دن 20 سے 24 دسمبر کے درمیان ہوتا ہے، مگر 21 یا 22 دسمبر زیادہ عام تاریخیں ہیں۔ تاریخیں تبدیل ہونے کی وجہ ہمارا 365 دن کا کیلنڈر ہے۔ ہر 4 سال بعد کیلنڈر میں فروری کے مہینے میں ایک لیپ دن کا اضافہ ہوتا ہے۔ اسی طرح ہماری زمین سورج کے گرد اپنا چکر 365.25 دنوں میں مکمل کرتی ہے تو وقت کے اس فرق کی وجہ سے راس الجدی کی تاریخ بدلتی رہتی ہے۔