وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں پراجیکٹس کے لیے بلڈنگ میٹریل لانے کے لیے ڈمپرز کو اجازت ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں جاری پراجیکٹس کے لیے بلڈنگ میٹریل ڈمپر میں ہی آتا ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ پراجیکٹس پر سارا دن کام بند رہے اور رات میں شروع ہو۔
شرجیل میمن نے کہا کہ یہ ڈمپر ڈرائیورز کی ذمے داری ہے کہ وہ رفتار کی ایک حد مقرر کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ڈمپر سے زیادہ مسئلہ ڈرائیورز کا ہے، بد قسمتی سے یہاں لائسنس کا حصول بہت آسان ہے، پورے پاکستان میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول سخت کرنا چاہیے۔
وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ کراچی میں جہاں سڑکیں خراب ہیں انہیں ٹھیک کرنے کی کوشش جاری ہے۔ گاڑیوں کی فٹنس سال میں ایک بار کروانی ہوتی ہے جو کہ لازمی کروانی چاہیے۔