کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 19 میں رہائشی فلیٹ سے سول انجنئیر کی گلا کٹی لاش ملی ، پولیس نے قتل کے شبہ میں مقتول کی اہلیہ کو شامل تفتیش کر لیا گیا۔۔مقتول کی شناخت 35 سالہ راہول کمار ولد راج کمار کے نام سے کی گئی ، مقتول سول انجینئر تھا اور کنٹریکٹ پر کام کرتا تھا ، آبائی تعلق اندرون سندھ شکار پور سے تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول راہول کمار کو گھر میں قتل کیا گیا تھا۔ مقتول کی اہلیہ نے واردات کے تین سے چار گھنٹے بعد پولیس کو اطلاع دی۔اہلیہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ کوئی شخص ان کے گھر میں داخل ہوا جو ماسک لگایا ہوا تھا اس نے چھری سے راہول کو قتل کر دیا۔ پولیس نے مقتول کی اہلیہ کو شک بنیاد پر شامل تفتیش کر لیا تاہم کسی کو فوری طور پر گرفتار نہیں کیا جبکہ رہائشی عمارت میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کر لی۔
پولیس کے مطابق فوٹیج میں ماسک لگائے شخص کو آتے اور جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔علاقہ مکینوں نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا ہے کہ مقتول اور اس کی اہلیہ کو اس فلیٹ میں شفٹ ہوئے ایک ماہ سے بھی عرصہ ہوا تھا۔ اس لیے ان کے بارے میں کسی کو زیادہ معلومات نہیں تھیں ، مقتول کی کوئی اولاد نہیں تھی ، شادی کو بھی زیادہ عرصہ نہیں ہوا تھا ۔