Search
Close this search box.
خصوصیت پاکستان تازہ ترین نمایاں

شاعرمشرق علامہ اقبال کا یوم ولادت آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، قائم مقام صدر اور وزیراعظم کا خراج عقیدت

مفکرِپاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا یوم پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر انہیں خراجٍ عقیدت پیش کرنے کے لیے مزارِ اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی ایک پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔

پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود مہمان خصوصی تھے۔ ریئر ایڈمرل اظہر محمود پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا، پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، مزار اقبال پر امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے پھول چڑھائے گئے۔

9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ ایک ممتاز شاعر، اسکالر، باصلاحیت فلسفی اور پاکستان کے نظریاتی بانی تھے۔ 1930 میں مسلم لیگ کے الہ آباد اجلاس میں علامہ اقبالؒ پہلے سیاستدان بنے جنہوں نے دو قومی نظریے پیش کیا جس کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

دوسری جانب قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ قائم مقام صدر یوسف گیلانی نے کہا کہ ہم علامہ اقبال کی خدمات اور ورثے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اُن کے فلسفے اور افکار نے ایک آزاد ملک کے قیام کی راہ ہموار کی، آیئے اپنے عزم کی تجدید کریں اور پاکستان کے اتحاد، امن اور خوشحالی کیلئے کام کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ دبئی ائیرپورٹ پہنچنے پر جہازسے اترتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زردای کا پاؤں فریکچر ہوگیا تھا۔ ڈاکٹرز نے چیک اپ کے بعد ہسپتال میں صدر زرداری کے پاؤں پر پلاستر کیا اور انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ایک صاحب بصیرت شاعر، فلسفی اور ایک بلند پایہ شخصیت تھے، اُن کے افکار اور تحریروں نے نہ صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا پر گہرا اثر ڈالا اور مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ بیدار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اقبال کے فلسفے نے برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کرکے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیا، آیئے عہد کریں کہ ہم علامہ اقبال کی تعلیمات کو مجسم کرکے نئی امید و عزم سے آگے بڑھیں گے۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں