متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے۔ آنے والا کل بھی ایم کیوایم کا ہوگا۔ انکی جماعت کو ختم کرنے والے آج خود ہارتے جارہے ہیں۔
حیدرآباد میں ڈسٹرکٹ آفس میں ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو ختم کرنے والے آج خود ہارتے جارہے ہیں۔ آنے والا کل بھی ایم کیو ایم کا ہی ہوگا۔
خالدمقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قیام سے قبل سندھ کے شہری علاقوں کا مینڈیٹ دو حصوں میں تقسیم تھا اور مہاجروں کیلئے مثال مشہور تھی کہ ان میں اتحاد نہیں ہوسکتا۔
ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر نے کہا کہ آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (اے پی ایم ایس او) کے بنانے کے بعد ہم نے مہاجروں کو سکھایا کہ ہم مہاجر ہیں اور آج ہمارا اتحاد پوری نہیں دنیا جانتی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے ذمہ داران سے کہا کہ کسی بھی مسئلہ پر اعتراض کرنا اور مشورہ دینا آپکا حق ہے اور یہ آپ پر لازم بھی ہے کہ آپ تنظیم کی بہتری کیلئے ہر فورم پر بات کریں۔