دورہ پاکستان پر موجود انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے متعدد پلیئرز کی طبعیت ناساز ہوگئی ہے جس میں کپتان بین اسٹوکس بھی شامل ہیں۔ مہمان پلیئرز کی طبیعت کی ناسازی کے باعث پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز میں تاخیر کا خدشہ ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ٹیسٹ کے معاملے پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ بات چیت کی تصدیق کردی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ پہلے ٹیسٹ کے آغاز کے حوالے سے پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
انگلینڈ کے کچھ کرکٹرز وائرل انفکیشن میں مبتلا ہیں اور پی سی بی صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہا ہے اور انگلینڈ بورڈ سے مسلسل رابطے میں ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مذید تفصیلات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اور مینجمنٹ کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 14 ارکان کی طبیعت ناساز ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں کو بدہضمی ہوئی ہے اور انہیں وائرل انفکیشن بھی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل بروز جمعرات یکم دسمبر سے راولپنڈی میں شیڈول ہے اور میچ کی تمام ٹکٹس بھی فروخت ہوچکی ہیں۔
دورہ پاکستان پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم اپنا شیف بھی ساتھ لائی ہے جو انکے کھانے پینے کی چیزوں کا دھیان رکھتا ہے۔ ستمبر میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ ٹیم کے چند پلیئرز نے کھانے سے متعلق شکایت کی تھی۔