نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہمارے بیٹرز کی شاٹ سلیکشن مناسب نہیں تھی، جس کی وجہ سے 6 کا رن ریٹ 10 پر چلا گیا، ہم میچ میں 15 ویں اوور تک اچھی کارکردگی دکھا رہے تھے۔
اظہر محمود نے کہا کہ دو شکستوں کے بعد ہر کوئی بہت مایوس ہے، بھارت کے خلاف ہارنا امریکا کے خلاف شکست سے زیادہ تکلیف دہ ہے۔ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی سے بیٹنگ کی توقع نہیں کی جا سکتی، یہ ذمہ داری شروع کے 7 بیٹرز کی ہے۔
ہم بطور ٹیم ہارے ہیں، اس لیے کسی ایک فرد کو الزام دینا مناسب نہیں۔ دونوں میچز میں ہماری شاٹ سلیکشن اور فیصلے ٹھیک نہیں تھے۔ اس وقت ٹیم کے ہر کھلاڑی کا مورال کمزور ہے، اسے بلند کرنا ضروری ہے۔ ہم اب بھی واپسی کر سکتے ہیں، اور جب تک ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوتا، ہم ہمت نہیں ہاریں گے۔
انہوں نے کہا کہ غلط وقت پر غلط شاٹ کھیلنے کی وجہ سے میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔ اگر کسی کھلاڑی کو اپنی صلاحیت پر شک ہو جائے تو یہ بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ اگر ہم خود پر اعتماد رکھ کر کھیلیں گے تو سب کو غلط ثابت کر سکیں گے۔
اظہر محمود نے کہا کہ اسٹرائیک ریٹ کا سارا بوجھ بابر اور رضوان پر آجاتا ہے، اگر اچھی پارٹنرشپ نہ بن سکے تو پھر دباؤ میں آجاتے ہیں۔ اگر ہم صحیح وقت پر صحیح فیصلے کریں تو چیزیں آسان ہو جائیں گی۔ کینیڈا کے خلاف میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔
کرکٹ میں اگر مگر تو ہوتا رہتا ہے۔ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی سے بیٹنگ کی توقع نہیں کی جا سکتی، یہ کام شروع کے 7 بیٹرز کا ہے۔ اگر ٹاپ آرڈر پرفارم نہیں کرے گا تو باقی لوگوں سے کیا توقع کریں؟
اظہر محمود نے کہا کہ اب کسی خوش فہمی میں رہنے کی گنجائش نہیں ہے، اگر کوئی حریف کو آسان سمجھتا ہے تو اس کی انٹرنیشنل کرکٹ میں جگہ نہیں ہے۔
کینیڈا کے پاس بھی ایسے کھلاڑی ہیں جو اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں، ہمیں اب یہ میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا۔ فزیکل پریکٹس سے کچھ نہیں ہوتا، اس وقت ذہنی پختگی بہت اہم ہے۔