کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام نے شہر کے چار اضلاع سے وصول کی جانے والی پارکنگ فیس کی آمدنی کی تفصیلات عدالت میں پیش کردیں۔ کے ایم سی کو پارکنگ فیس کی مد میں سالانہ ساڑھے 8 کروڑ روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں غیر قانونی پارکنگ فیس وصولی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر کے 4 اضلاع کی گاڑیوں کی پارکنگ کی رپورٹ پیش کی۔
کے ایم سی کی رپورٹ کے مطابق ضلع ایسٹ، ساؤتھ، سینٹرل اور کورنگی میں موٹر سائیکل اور کار پارکنگ سے سالانہ ساڑھے 8 کروڑ آمدنی ہوتی ہے، موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10 روپے اور کار کی پارکنگ فیس 30 روپے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلع ایسٹ، ضلع ساؤتھ، ضلع سینٹرل اور ضلع کورنگی میں یومیہ اوسطا 6 ہزار 214 موٹرسائیکلیں پارک ہوتی ہیں۔
چاروں اضلاع میں موٹر سائیکل پارکنگ کی مد میں روز 62 ہزار روپے آمدنی ہوتی ہے جب کہ ان چاروں اضلاع میں کار پارکنگ کی مد میں یومیہ ایک لاکھ روپے اوسطاً آمدنی ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ضلع ساؤتھ میں یومیہ اوسطاً ایک ہزار اور ضلع ایسٹ میں یومیہ 2041 کاریں پارک ہوتی ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کو رپورٹ کی روشنی میں دلائل کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔