کراچی کےعلاقے ماڑی پور مچھر کالونی میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں شہریوں نے نجی کمپنی کے دو ملازمین کو مبینہ طور پر اغواء کار سمجھ کر تشدد کرکے ہلاک کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین کے مطابق دو ملازمین کار پر سوار تھے، جنہیں مشتعل افراد نے اغوا کار قرار دے کر تشدد کا نشانہ بنایا، اور کار کو بھی آگ لگا دی۔ جب کہ دونوں مقتولین کو بچاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب ڈی آئی جی جنوبی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی کو انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا جانوری نے کہا کہ دونوں ملازم کسی ٹیلی کام کمپنی کے ملازم تھے، علاقے میں سگنل چیک کرنے کیلئے آئے تھے۔
ایس ایس پی کیماڑی نے کہا کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا جبکہ ایک عینی شاہد بھی جائے وقوعہ سے ملا ہے جس کا بیان لیا جائے گا۔