کراچی میں آرٹلری میدان تھانے میں کروڑوں روپے کی چوری میں پولیس اہلکاروں کے ہی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹج نے پولیس اہلکاروں کی چوری کا بھانڈا پھوڑدیا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق آرٹلری میدان تھانے سے کروڑوں روپے کی چوری میں تھانے کے منشی اور اہلکار کے ہی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
آرٹلری میدان تھانے کے باہر اے سی ایل سی کے کیمروں نے پولیس اہلکاروں کی چوری کا بھانڈہ پھوڑ دیا اور پولیس اہلکاروں کی اپنے ہی تھانے میں چوری پکڑی گئی۔
پولیس نے دو اہلکاروں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تھانے سے رقم کی چوری میں آرٹلری میدان تھانے کا ایک اور اہلکار بھی ملوث ہے اوردونوں اہلکاروں نے چوری کی رقم ایک اور شخص کے پاس رکھوائی تھی جس سے رقم برآمد کرلی گئی ہے۔
پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ محکمہ جاتی کارروائی کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 فروری کو کراچی میں داؤد پوتہ روڈ پر سنار سے ڈکیتی میں ساڑھے تین کروڑ لوٹے گئے تھے، پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کرکے رقم برآمد کی تھی
پولیس نے برآمد کی گئی رقم چار ماہ سے آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے میں رکھی ہوئی تھی، دو روز پہلے مال خانے سے رقم غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔