میئر کراچی مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی والوں کو گھر تک پانی فراہم کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔ حب کینال سے 100 ملین واٹریومیہ اضافی پانی کا منصوبہ منظورکرلیا گیا ہے۔
میئرکراچی مرتضٰی وہاب نے واٹرکارپوریشن کے دفتر میں پریس کانفرنس کی جسکے دوران انکا کہنا تھا کہ کراچی میں حب کینال سے اضافی پانی لانے کی منظوری دے دی ہے۔
میئرکراچی مرتضٰی وہاب کے مطابق حب سے پانی لانے والی پرانی کنال بوسیدہ ہوچکی ہے اور اب حب سے نئی کینال تعمیر کی جائے گی۔
مرتضٰی وہاب نے بتایا کہ حب کنال سے 200 ملین گیلن کی نئی کنال تعمیر کررہے ہیں جسکی لاگت 12 ارب روپے ہے اور اس منصوبے سے یومیہ 100 ملین گیلن پانی حاصل ہوگا جبکہ اس سے قبل بھی حب سے 100 ملین گیلن یومیہ پانی حاصل ہوتا تھا۔ یہ منصوبہ 12 ماہ کی مدت میں مکمل ہوگا۔
میئرکراچی کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ نئی کینال کی تعمیر سے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں کیماڑی اور بلدیہ کے عوام کو اس سے پانی ملےگا، کے فور سے وفاقی حکومت کینجھر سے پانی لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ایک 77 ارب کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا ہے، نئی پائپ لائن کے ساتھ سڑکوں کی بھی مرمت ہوگی، کراچی کے عوام کےلیے پانی گھروں میں پہنچانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔