پاکستان سپرلیگ میں گزشتہ روز پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ پشاور زلمی نے جیت کا جشن منایا لیکن آج سلور اوور ریٹ پر پی سی بی نے پشاور زلمی پر جرمانہ عائد کردیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ پشاور زلمی کی ٹیم باؤلنگ کے دوران اوور ریٹ میں پیچھے رہی اور مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرایا۔
میچ کے دوران بھی قوانین کے مطابق پشاور زلمی کو سزا ملی اور آخری اوور میں پشاور زلمی کو 30 یارڈ کے دائرے سے باہر صرف 4 فیلڈرز کھڑے کرنے کی اجازت تھی جبکہ عام حالات میں کوئی بھی ٹیم 5 فیلڈر کھڑی کرسکتی ہے۔
میچ ریفری علی نقوی نے آج پشاور زلمی کی ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ بھی عائد کردیا۔ جرمانہ کا اطلاق پشاور زلمی کے تمام پلیئرز اور مینجمنٹ اسٹاف پر بھی ہوگا۔
پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ وقت میں ایک اوور پیچھے تھی اور انہیں کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے تحت میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔