کراچی علاقے بوٹ بیسن میں سال 2022 کی سب سے بڑی واردات ہوئی۔ مسلح ملزمان بیرون ملک سے آئے شہری سے 11 کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کلفٹن بلاک 5 میں بینک سے رقم لے کر جانے والے شہری کو مسلح ملزمان نے لوٹ لیا۔ 2 موٹر سائیکل پر سوار ملزمان شہری سے رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
شہری ذوالفقار نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ 19 نومبر کو بیرون ملک سے کراچی آیا تھا۔ 21 نومبر کو بینک سے رابطہ کرکے رقم نکالنے کا کہا تو انہوں نے 24 نومبر کی تاریخ دی تھی۔
چوبیس نومبر کو بینک انتظامیہ نے 5 لاکھ ڈالر کی رقم دی۔ بینک سے رقم لے کر نکلا تو بوٹ بیسن کے مقام پر مسلح ملزمان نے رقم لوٹ لی اور فرار ہوگئے۔
شہری ذوالفقار کے مطابق انکے پاس موجود رقم 5 لاکھ ڈالر تھی جو پاکستانی روپے میں 11 کروڑ کے قریب بنتی ہے۔ شہری نے پولیس سے جلد ملزمان کو گرفتار کرنے اور انکی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری سے ڈکیتی کا مقدمہ بوٹ بیسن تھانے میں درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔