پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سال 2022 میں سینکڑوں شہری مختلف واقعات میں جان کی بازی ہار گئے۔ کراچی میں سال 2022 کے دوران ہونے والے جرائم اور قتل کے واقعات پر رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں صرف اسٹریٹ کرائم میں ہی 92 افراد زندگی کی بازی ہارے جبکہ مجموعی طور پر اس سال 450 افراد کو قتل کیا گیا۔
واضح رہے اس سال اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں عام شہریوں کے ساتھ صحافی بھی قتل ہوئے۔ سندھ پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے خصوصی شاہین فورس بھی تیار کی۔
کراچی میں قتل کرنے کی کوشش میں 580 افراد زخمی بھی ہوئے لیکن خوش قسمتی سے انکی جان بچ گئی۔ شہر میں 209 خواتین اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات ہوئے۔
کراچی میں رواں سال کے دوران 2 ہزار 480 اغواء کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مختلف علاقوں میں بچوں کی گمشدگی کے 394 واقعات رپورٹ ہوئے۔