پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک بار پھر بارش بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں رکاوٹ بن گئی۔ 28 اگست کو شیڈول بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شدید بارشوں کے بعد شہر کے مخدوش صورتحال کے باعث انتخابات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسکا باضابطہ اعلان بھی جلد کردیا جائے گا۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 28 اگست کو پولنگ ہونا تھی، تاہم اندرون سندھ بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز حیدرآباد سمیت 9 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آج بدھ کے روز اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی میں موسم کی صورتحال اور بلدیاتی الیکشن کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کراچی میں 28 اگست کو بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے لیے رپورٹ طلب کی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو 6 اہم اداروں سےفوری رپورٹ لینے کی ہدایت کردی تھی۔
الیکشن کمیشن نے کراچی میں انتخابات کے صورت میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کے متاثر ہونے پر بھی سکیورٹی اداروں سے رپورٹ مانگی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے رپورٹ طلب کیے جانے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے انہیں رپورٹ پیش کی جس بنا پر کراچی میں بھی 28 اگست کو ہونے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔