کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں گزشتہ چند ہفتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ شہر میں اسٹریٹ کرائم میں پکڑنے جانے والے جرائم پیشہ افراد میں سے صرف 3 فیصد ملزمان کو سزائیں دینے کا انکشاف ہوا ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹریٹ کرائم میں پکڑنے جانے والے ملزمان کو ضلعی عدالتوں میں پیش کیا جاتا ہے جہاں ناقص تفتیشی رپورٹ کے باعث 97 فیصد تک ملزمان کو بری کردیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان کو بری کرنے کی بڑی وجہ ناقص اورروایتی طریقہ تفتیش ہے جس میں پولیس الزامات کا خطرناک چالان تو بنالیتی ہیں مگر ان الزامات کو ثابت نہیں کرپاتی۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک صوبے کی ضلعی عدالتوں نے اسٹریٹ کرائم کے ایک ہزار 261 مقدمات کا فیصلہ سنایا ہے جن میں ایک ہزار 214 ملزمان بری ہوئے جبکہ 47 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں ہوچکی ہیں۔
رواں سال اسٹریٹ کرائم کے مقدمات میں ملزمان کی بریت کا تناسب 96 اعشاریہ 27 فیصد جبکہ سزاؤں کا تناسب 3 اعشاریہ 73 فیصد ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اسٹریٹ کرائم کے مقدمات میں محض تین فیصد ملزمان کو سزائیں ہوسکی ہیں، سال 2020 میں اسٹریٹ کرائم کے 1124 مقدمات نمٹائے گئے، ایک ہزار 83 ملزمان باعزت بری ہوئے، محض 41 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں ہوئیں۔
سال 2020 میں اسٹریٹ کرائم کے مقدمات میں سزاؤں کا تناسب 3 اعشاریہ 65 فیصد رہا جبکہ ملزمان کی بریت کا تناسب 96 اعشاریہ 35 فیصد رہا۔
سال 2021 میں اسٹریٹ کرائم میں اضافے کے بعد مقدمات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا، اس سال اسٹریٹ کرائم کے ایک ہزار 699 مقدمات نمٹائے گیے جن میں ایک ہزار 647 مقدمات میں ملزمان کو ناکافی شواہد کی بنا پر بری کردیا گیا جبکہ 52 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں۔
سال 2021 میں ملزمان کی بریت کا تناسب 96 اعشارہ 94 فیصد رہا جبکہ سزاؤں کا تناسب 3 اعشاریہ 06 فیصد رہا۔ قانونی ماہرین کے مطابق تفتیش کا روایتی طریقہ تبدیل کرکے اسے سائنسی بنیادوں پراستوار اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنی ہوگی۔