آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کو امن و امان سے متعلق رپورٹ پیش کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے کیسز میں ایک تہائی تک کمی آئی ہے۔
ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق آئی جی سندھ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کافی حد تک کم ہوچکا ہے۔ جرائم پر قابو پانے کیلئے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
آئی جی سندھ کی رپورٹ کے مطابق جنوری میں یومیہ اسٹریٹ کرائم کے 254 مقدمات ہوتے تھے۔ فروری میں 252 اور مارچ میں 245 کیسز یومیہ رجسٹر ہوئے اور اپریل میں اسٹریٹ کرائم کے کیسز کم ہوکر 170 تک آگئے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو اسٹریٹ کرائم کے کیسز مزید کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم پر انہیں مکمل کنٹرول چاہئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ سے سیکیورٹی 4 منصوبے کی تفصیلات پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ سیکیورٹی 4 منصوبے کیلئے 1.4 ارب روپے جاری کرچکا ہوں۔ جس پر آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 48 ٹول پلازے ہیں۔ 40 ٹول پلازوں پر سی سی ٹی وی کیمرا نصب کیا جاچکا ہے۔ باقی 8 ٹول پلازوں پر سی سی ٹی وی کی تنصیب کا کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا آئندہ ماہ سیکیورٹی 4 منصوبے کا افتتاح کروں گا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ جون کے پہلے ہفتے تک تمام ٹول پلازوں پر کیمرے لگ چکے ہونگے۔