کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر سندھ حکومت نے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اگلے پندرہ دن اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف سخت آپریشن کرنے کا حکم دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں امن امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر آنے والےغیرملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی روستوں پر نگرانی بڑھانے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز کو پیٹرولنگ بڑھانے اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور رینجرز اسٹریٹ کرائم کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد دوبارہ امن امان خراب کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنے ملک میں دہشتگردوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اہم مقامات جہاں کرمنلز زیادہ متحرک ہیں وہاں پولیس، رینجرز کی تعیناتی کی جائے، دسمبر میں ڈکیتیوں کے دوران 7 قتل ہوئے ہیں۔