عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف سڑکوں پر آچکی ہے۔ پی ٹی آئی نے شہر شہر جلسوں اور مظاہروں کا پلان بنایا لیا ہے اور اس سلسلے میں 16 اپریل بروز ہفتہ پاکستان تحریک انصاف کراچی میں اپنی پاور دکھائے گی۔
کراچی جلسے کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے کارکنوں اور بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات دینے کی اپیل کردی ہے۔ عطیہ جمع کرانے کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے بینک اکاؤنٹ نمبر بھی جاری کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر علی زیدی نے ٹوئیٹرپیغام میں بینک اکاؤنٹ کی تفصیل شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جو لوگ اور بالخصوص اوورسیز پاکستانی کراچی جلسہ کیلئے عطیات دینا چاہتے ہیں وہ اس بینک اکاؤنٹ میں جمع کرواسکتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی اپیل پر سینکڑوں کارکنان اور اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پی ٹی آئی کے سپورٹرز نے اکاونٹ میں رقم جمع کرانے کے بعد سوشل میڈیا پر اسکرین شاٹ بھی شیئر کئے ہیں۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے 16 اپریل بروز ہفتہ رات نو کراچی میں مزار قائد سے متصل باغ جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کااعلان کیا ہے۔ جلسے سے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے۔