پاکستان میں کاروباری مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔ روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ انٹربینک میں مسلسل آٹھویں روز کمی ہوئی ہے۔
آج منگل کے روز بھی کاروبار کے آغاز پر روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدرمیں کمی دیکھی جارہی ہے اور ڈالر اب تک ایک روپے 79 پیسے سستا ہوا ہے۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 225 روپے 50 پیسے ہوگئی ہے۔
بائیس ستمبر سے اب تک ڈالر کی قدر میں 13 روپے 71 پیسے کمی ہو چکی ہے، 22 ستمبر کو ڈالر کی قدر 239 روپے 71 پیسے تھی۔ ڈالر کی قدر میں کمی سے پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں 1700 ارب روپے کمی آ گئی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں کمی کے اثرات دیکھے جارہے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 75 پیسے سستا ہو کر229 روپے 25 پیسےکاہوگیا ہے۔
گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر ایک روپے 16 پیسے سستا ہوکر 227 روپے 29 پیسے پر بند ہوا تھا۔