پاکستان تحریک انصاف کے آج کراچی میں ہونے والے جلسے کیلئے ٹریفک پولیس نے پارکنگ پوائنٹس ، متبادل راستوں اور بند کی جانے والی سڑکوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ ٹریفک پولیس کے جاری اعلامئے کے مطابق عوام کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے ٹریفک ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے پلان کے مطابق جلسے میں شریک ہونے والوں کے لئے متعدد مقامات پر پارکنگ انتظامات بھی کیے گیے ہیں جس میں طائی کراٹے گراونڈ ،چائنہ گراونڈ اور ایکسائز چورنگی شامل ہیں۔ نشتر پارک اورمزار قائد وی آئی پی گیٹ پر بھی پارکنگ انتظامات کیے گئے ہیں۔
اندرون سندھ سے آنے والوں کے لیے اسلامیہ کالج کے قریب پارکنگ ایریا مختص کیا گیا ہے۔ ضلع وسطی سے آنے والے افراد لیاقت آباد سے ہوتے ہوئے گرومندر کے قریب گاڑیاں پارک کریں گے۔ ضلع جنوبی اور کورنگی سے آنے والوں کے لئے خداد کالونی پر پارکنگ ایریا بنایا گیا ہے۔
ویسٹ سے آنے والے افراد طائی کراٹے گراونڈ پر ہی گاڑی پارک کر سکیں گے۔ ملیر اورایسٹ سے آنے والے افراد اسلامیہ کالج کے قریب گاڑیاں پارک کر کے جلسہ گاہ میں جاسکیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ گاہ آنے والی فیملیز کیلئے سوسائٹی سگنل سے شٹل سروس چلائی جائے گی۔ جو شرکاء کو جلسہ گاہ تک لے کر آئے گی اور اختتام پر واپس بھی چھوڑے گی۔
جمشیدروڈ اور تین ہٹی سے نمائش جانے والی ٹریفک کو آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جمشیدروڈ سے آنے والی ٹریفک کو جیل فلائی آور کی طرف موڑا جائے گا۔ شارع قائدین سے آنے والی ٹریفک کو خالد بن ولید روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔
یونیورسٹی روڈ سے آنے والی ٹریفک کو شہید ملت روڈ موڑا جائے گا۔ جیل چورنگی سے نمائش آنے والی ٹریفک کو سولجر بازار کی طرف موڑا جائے گا۔ ریگل سے نیو ایم اے جناح روڈ کوریڈور تھری تک عام افراد کے کئے سڑک بند رہے گی۔
صدر سے یونیورسٹی روڈ پر سفر کرنے والے شہری شارع فیصل کو استعمال کر سکتے ہیں۔ ناظم آباد اور تین ہٹی سے آنے والی پبلک بسوں کو لسبیلہ سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایم جناح روڈ سے نمائش آنے والی ٹریفک کو کیپری سینما سے سولجر بازار کی طرف موڑا جائے گا۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے آج 16 اپریل بروز ہفتہ رات نو کراچی میں مزار قائد سے متصل باغ جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کااعلان کیا ہے۔ جلسے سے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے۔