پاکستان سپرلیگ ایٹ کے دلچسپ اور سنسنی خیز میچز کا سلسلہ جاری ہے۔ میگاایونٹ میں آج پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان میدان سجے گا۔
پی ایس ایل میں آج بھی صرف ایک میچ شیڈول ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوم ٹیم محمدرضوان کی ملتان سلطانز اور بابراعظم کی پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔
پشاور زلمی نے پی ایس ایل ایٹ میں اپنے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دی تھی۔ ملتان سلطانز نے ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے اپنے دو میں سے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پی ایس ایل ایٹ کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو صرف ایک رن سے ہرایا تھا لیکن اگلے میچ میں ملتان سلطانز نے کم بیک کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈ ایٹرز کو 9 وکٹوں سے باآسانی شکست سے دوچار کیا۔
پاکستان سپرلیگ کی تاریخ میں ملتان سلطانز کا پشاور زلمی کے خلاف ریکارڈ شاندار ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 11 میں سے 8 میچز ملتان نے جیتے ہیں جبکہ 3 میں فتح پشاور زلمی کا مقدر بنی ہے۔