پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کراچی میں مسائل کی ذمہ داری شہریوں پر ڈالنے سے متعلق اپنے بیان پر معذرت کرلی۔ سعید غنی کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ بات پورے کراچی کیلئے نہیں صرف چند افراد کیلئے کہی تھی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ اگر میرے بیان سے یہ تاثر گیا ہے کہ میں کراچی کے حالات کی ذمہ داری شہریوں پر ڈال رہا ہوں تو میں اُس پر معذرت کرتا ہوں۔
سعید غنی نے اپنے بیان سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ انکا مقصد مسائل کی ذمہ داری شہریوں پر ڈالنا نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بات پورے کراچی کیلئے نہیں بلکہ چند افراد کیلئے کہی تھی۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ انکا تعلق بھی کراچی سے ہی ہے ۔ انہیں بھی شہر کے حالات پر دوسروں کی طرح ہی دکھ ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ کراچی میں چند عناصر ایسے موجود ہیں جو جان بوجھ کر کام خراب کرتے ہیں ایسا کسی دوسرے شہر میں نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعید غنی نے کہا تھا کہ کراچی کے شہری اپنے مسائل کو 100 گنا بڑھا کر بیان کرتے ہیں، یہ دنیا کا واحد شہر ہے جہاں لوگ خود گٹر لائنیں بلاک کرتے، پانی کی لائنیں پنکچر کرتے اور اسٹریٹس لائٹس پر نشانے بازی کرکے ان کو ناکارہ کرتے ہیں۔
سعید غنی نے ایسے واقعات کا ثبوت ہونے کا دعویٰ بھی کیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ مسائل حل کرنا تو ایک طرف کیا، مسائل پیدا کرنے والوں کے خلاف انہوں نے کوئی کارروائی کی۔